اسماعیل ہنیہ کی شہادت، پاکستان کا سوگ منانے کا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کی حکومت نے ایران میں قتل ہونے والے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی یاد میں دو اگست کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں دو اگست کو نماز جمعہ کے بعد اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے اور پارلیمنٹ میں خصوصی قرارداد پیش کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ق، پاکستان مسلم لیگ ضیاء، نیشنل پارٹی کے سربراہان و سینیئر نمائندے شریک ہوئے۔

بیان کے مطابق اجلاس میں شرکاء نے مشترکہ طور پر فلسطین میں نو ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری اسرائیلی ظلم و بربریت پر غم و غصے کا اظہار کیا۔’اجلاس میں گزشتہ روز تہران میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یہ واقعہ فلسطینیوں پر جاری ظلم و بربریت بند کرنے اور خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش ہے۔ ‘’اجلاس میں پرزور مطالبہ کیا گیا کہ نہتے فلسطینیوں کی فوری طور پر انسانی ہمدردی کے تحت امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان فلسطین کو امدادی سامان کی ترسیل جاری رکھے گا اور مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی طبی امداد کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے گا۔‘اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلسطینی میڈیکل طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے میڈیکل کالجز میں امدادی بنیادوں پر داخلہ دیا جائے گا۔وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق ’اجلاس میں عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی خاموشی توڑیں اور صہیونی قوتوں کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں کی جاری نسل کشی فی الفور روکیں۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں