اسلام آباد(پی این آئی)سینئرپی ٹی آئی لیڈر کی بیک وقت فضل الرحمان اور فواد چوہدری پر شدید تنقید۔۔۔۔پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان کا کہنا ہے فواد چوہدری اور شیخ رشید نے عمران خان کو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر مجبور کیا، فواد تو شروع سے ہی پلانٹڈ بندہ ہے۔ حامد خان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پابند سلاسل ہیں اس لیے قیادت کا خلا ہے،بانی پی ٹی آئی سے جو ملاقات کرتے ہیں وہ ان سے ملنے والی ہدایات کی مختلف تشریح کرتے ہیں، کچھ لوگ اپنی ذاتی تشہیر کے لیے ایسا کرتے ہیں، کچھ لوگ ایسے ہیں جن سے متعلق تشویش اور شک ہے کہ وہ پارٹی سے مخلص نہیں، ایسے کچھ اور بھی ہیں جو پارٹی کے اندر اختلافات بڑھانے کے لیے بیانات دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا جو پارٹی کے لیے نقصان دہ تھے ان کو کافی حد تک سائیڈ لائن کردیا ہے، چند کا تو پتا چل گیا ہے جن میں سے ایک شیر افضل مروت ہے جو کسی اور مقصد کے لیے آیا تھا، شیر افضل مروت ذاتی تشہیر کرتے تھے، انہوں نے بیانات دے کر پارٹی کو نقصان بھی پہنچایا۔سینئرقانون دان کا کہنا تھا مخصوص نشستوں والے فیصلے کے بعد حکومت نے حواس باختہ ہو کر پی ٹی آئی پر پابندی کی بات کی، حکومت کو اصل خوف ٹربیونلز سے ہے، بیشتر سیٹوں بالخصوص پنجاب میں قومی و صوبائی اسمبلی پر تو لمبی انکوائری کی ضرورت ہی نہیں، بیشتر سیٹوں پر تو فارم 45 کی گنتی کرکے ہی ہماری بہت ساری سیٹیں نکل آئیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ذہن میں یہ خوف ہے کہ یہ اب ہماری سیٹیں خالی کرائیں گے، خواجہ آصف کے بارے میں کس کو نہیں پتا کہ 27 ہزار ووٹ سے عثمان ڈار کی والدہ سے ہار گئے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم اور عون چوہدری سمیت ان کے بیشتر لوگ بری طرح ہارے ہیں،
جس دن بھی صحیح گنتی ہو گئی اس دن دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہو جائے گا، بانی پی ٹی آئی نے بہت کچھ سیکھا ہے، 8 فروری کے بعد جب بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تو وہ بہت خوش تھے کہ قوم نےان کی بات سن لی ہے۔ایک سوال کے جواب میں حامد خان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کلیئر ہیں جس نے ایک بار پارٹی چھوڑ دی اسے واپس نہیں لانا، جو لوگ خاموش ہو گئے ان کی واپسی پر غور کیا جا سکتا ہے، سب کا نہیں کہہ سکتا لیکن جنہوں نے پریس کانفرنس کی پارٹی بنائی اور جوائن کیا وہ واپس نہیں آسکتے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا عمران اسماعیل، فواد چوہدری اور عامر کیانی استحکام پارٹی بنانے والوں میں شامل ہیں، فواد چوہدری تو استحکام پارٹی میں شامل ہوئے اور وہاں منہ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے تھے، جیل کاٹنا پتا نہیں وہ ڈراما تھا کیا تھا، فواد چوہدری پلانٹڈ آدمی ہے، فواد چوہدری آج سے نہیں ہمیشہ سے ہی پلانٹڈ ہے، اب بھی فواد چوہدری پارٹی کو اندر سے نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔حامد خان کا کہنا تھا ہمارے نزدیک سب بڑی زیادتی عدم اعتماد کے وقت اسمبلیوں سے استعفے دینا تھا، شاہ محمود اور پرویز الہیٰ نے بتایا کہ فواد چوہدری اور شیخ رشید نے بانی پی ٹی آئی کو استعفوں پر مجبور کیا تھا۔مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر حامد خان کا کہنا تھا فضل الرحمان سے متعلق کچھ نہیں کہنا چاہتا کیوں کہ ان سے بات چل رہی ہے، فضل الرحمان کی اسٹیبلشمنٹ سے جو توقعات تھیں،وہ پوری نہیں ہوئیں، فضل الرحمان جو کہہ رہے ہیں وہ فرسٹریشن میں کہہ رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں