اسلام آباد ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی دفتر دوبارہ سیل کرنے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کو ایک بار پھر سیل کرنے کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے، انتظامیہ نے اس بار آتشزدگی کے انتظامات نہ ہونے کی وجہ پر پی ٹی آئی کا دفتر سیل کیا، اس سلسلے میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی جانب سے تحریک انصاف کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں فائر اینڈ لائف سیفٹی انتظامات نہ ہونے کو جواز قرار دیتے ہوئے نوٹس جاری کیا گیا۔
اس سے پہلے رواں سال 24 مئی کو سی ڈی اے نے تجاوزات کے نام پر پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں قائم مرکزی دفتر سیل کردیا تھا، اس وقت پولیس کی بھاری نفری پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر پہنچی جنہون نے پہلے تو پی ٹی آئی سیکریٹریٹ جانے والے راستوں کو بند کیا پھر سی ڈی اے نے پی ٹی آئی کا دفتر سیل کرکے اس پر نوٹس چسپاں کردیا۔ اسی طرح گزشتہ روز بھی وفاقی دارالحکومت پولیس نےایس ایس پی حسن جہانگیر وٹو کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹریٹ پر چھاپہ مار کر دفتر کو گھیرے میں لے لیا، اس موقع پر خواتین پولیس اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھیں، پولیس پی ٹی آئی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل کے مرکزی دفتر پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد کی بنیاد پر چھاپہ مارا، وہاں قائم پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا مرکز بنا ہوا تھا، پوری دنیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا ملک دشمن ایجنسیوں کے ساتھ مل کر یہاں سے کروایا جاتا تھا، اِس جگہ سے پاکستان مخالف اور ملکی سالمیت کے خلاف پروپیگنڈا بھی چلایا جاتا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں