اسلام آباد(پی این آئی) راولپنڈی پولیس نے 10 محرم الحرام کے لیے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ پولیس کے مطابق یومِ عاشور کو ضلع بھر میں 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے، ٹریفک کی روانی کے لیے 900 سے زائد ٹریفک وارڈن تعینات ہوں گے۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کے پیش نظر مرحلہ وار موبائل فون سروس کو معطل رکھا جائے گا۔جلوس کے روایتی راستوں پر پولیس جیمرز گاڑیاں موجود رہیں گی۔کمیٹی چوک، فوارہ چوک، ڈنگی کھوئی، چار نمبر چونگی، جامع مسجد روڈ اور اقبال روڈ پر سروس معطل رہے گی۔جلوس کے اختتام پر موبائل فون سروس کو بحال کر دیا جائے گا۔ صورتحال کے پیش نظر مزید علاقوں میں بھی سروس معطل کی جاسکتی ہے۔
راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے لیے 3 ہزار کے قریب افسران و اہلکار تعینات ہوں گے، ضلع بھر میں 65 جلوسوں اور 113 مجالس کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ مرکزی جلوس کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے، جلوس کے شرکاء کو مکمل سرچ کے بعد داخل ہونے کی اجازت ہو گی، سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ رضا کار بھی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
جلوس کی برآمدگی سے قبل راستوں کی مکمل اسکیننگ اور سوئیپنگ کی جائے گی، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہوں گے، مرکزی جلوس کی طرف آنے والے راستوں کو سیل کیا جائے گا۔ راولپنڈی پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ تمام جلوسوں کی نگرانی بذریعہ کنٹرول روم سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جائے گی، محرم الحرام کے ضابطۂ اخلاق اور ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، پولیس کے سینئر افسران 10 محرم الحرام کو فیلڈ میں موجود ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں