بنوں چھاؤنی پر دہشت گرد حملہ، 8 جوان قربان، 10دہشت گرد جہنم واصل

بنوں(پی این آئی)بنوں چھاؤنی پر دہشت گرد حملہ، 8 جوان قربان، 10 دہشت گرد جہنم واصل۔۔۔بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 8 بہادر جوان شہید ہو گئے جبکہ 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 جولائی کی صبح 10 دہشت گردوں کے گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا تو سیکیورٹی فورسز نے ان کی چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا دی تھی جس کے باعث خودکش دھماکے میں 8 بہادر جوان شہید ہوئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا کچھ حصہ گر گیا اور ملحقہ انفرااسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور تمام 10 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کی یہ گھناؤنی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی ہے جو کہ افغانستان سے کام کرتا ہے۔۔۔۔