لاہور(پی این آئی)کسان، مزدور کارڈ اور 300 یونٹ فری بجلی کہاں گئی؟ سوال پوچھ لیا گیا۔۔۔خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے 300 یونٹس فری بجلی، کسان اور مزدور کارڈ کہاں گئے۔بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں مزمل اسلم نے کہا کہ بلاول بھٹو کے غیر سنجیدہ بیانات کی وجہ سے پیپلز پارٹی اندرون سندھ تک محدود ہوگئی۔مزمل اسلم نے کہا کہ بلاول بھٹو الیکشن سے پہلے عوام سے کیے وعدے پورے کریں،
پشاور میں پریس کانفرنس سے پہلے بلاول بھٹو اپنا مینڈیٹ کے پی میں چیک کرلیں، پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ کے پی میں مخصوص نشستوں کے برابر نہیں۔صوبائی مشیر خزانہ نے کہا کہ بلاول دہشتگردوں کی معاونت سے متعلق بیانات سے پہلے کے پی کا بجٹ چیک کرلیں، کے پی کا بجٹ صحت کارڈ، گندم اور ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوتا ہے۔مزمل اسلم نے کہا کہ پیپلز پارٹی دور میں کیے گئے آپریشن کی آبادکاری پر اب تک فنڈز خرچ ہو رہے ہیں، خیبرپختونخوا کچے کے ڈاکوؤں سے پاک ہے، خیبرپختونخوا نے تاریخی سرپلس بجٹ پیش کیا ہے، بلاول بھٹو سندھ کا بھی بتائیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں گٹر کے ڈھکن بھی مالیاتی اداروں کے تعاون سے بنائے جا رہے ہیں، بلاول بھٹو کراچی کے امن و امان اور بوسیدہ انفرا اسٹرکچر پر توجہ دیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں