کن علاقوں میں لوڈ شیڈنگ جاری رہے گی؟ اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)کن علاقوں میں لوڈ شیڈنگ جاری رہے گی؟ اعلان کر دیا گیا…وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے واضح کیا ہےکہ لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔اسلام آباد میں وزیرمملکت علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کی پالیسی جاری رہے گی، اگر اس میں تبدیلی ہوئی تو اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 29 مئی کو بجلی کی طلب 25 ہزار 820 میگاواٹ تھی اور 4 ہزار 232 میگاواٹ کی لوڈشیڈنگ کی گئی، صرف بہت زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے اور زیرو نقصانات والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی، نقصانات والے فیڈرز کو بجلی دینے سے گردشی قرضہ بڑھتا ہے۔

وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ جب تک بجلی ڈسٹری بیوشن کمپنیاں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر لائن لاسز کم نہیں کریں گی لوڈ شیڈنگ جاری رہےگی، بجلی کمپنیوں کے بورڈز کو تبدیل کیا جا رہا ہے، بجلی چوری کے علاقوں میں کنٹرولڈ بجلی ملے گی، ملک میں بجلی پیداوار کی قلت نہیں ہے۔اویس لغاری نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے ساتھ ملاقات میں پیسے جاری کرنے کی بات نہیں ہوئی۔دوران پریس کانفرنس صحافی نے سوال پوچھا اگر کے پی حکومت تربیلا کا بٹن بند کردیتی ہے تو آپ کیا کریں گے ؟ اس پر اویس لغاری نے کہا کہ انہیں جواب دینے کی عادت نہیں، ہر بات تحمل اور نیک نیتی سے کررہے ہیں۔پریس کانفرنس میں وزیرمملکت علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ڈسکوز اور این ٹی ڈی سی میں بہت خرابیاں ہیں، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نئے بورڈز بن رہے ہیں، عوام کی مشکلات کے حل کے لیے بھر پور کوشش جاری ہے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close