اسلام آباد(پی این آئی)جاپان، پاکستانیوں کے لیے ورکنگ ویزوں کا اجراء شروع۔۔۔۔جاپان میں مقیم پاکستانیوں نے جاپانی حکومت کے اعلان کردہ ورکنگ ویزے پر اپنے اہل خانہ اور عزیزوں کو قانونی طریقے سے بلوانا شروع کردیا۔ سینئر پاکستانی اور معروف کاروباری شخصیت ملک یونس نے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے کئی پاکستانیوں کو جاپان بلوا لیا،۔سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے ملک یونس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جاپان میں مقیم تمام پاکستانیوں سے کہا کہ جاپان میں مقیم ہر پاکستانی اپنے تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے جاپانی کاروباری اداروں سے پاکستانی لیبر ورک فورس بلوانے کی کوششیں کرے، جبکہ جو پاکستانی اپنا کاروبار کررہے ہیں وہ اپنے کاروبار کے لیے بھی اب پاکستان سے کارکن ورکنگ ویزے پر بلوا سکتے ہیں۔
اس حوالے سے (ن) لیگ جاپان کے چیرمین ملک یونس نے سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی کوششوں سے پانچ افراد کے ویزے حاصل کرلیے ہیں جس میں سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عاشج لقمان نے ان کی بہت رہنمائی کی ہے۔ملک یونس نے کہا کہ انہوں نے جاپانی کاروباری ادارے سے بات کرکے ان کے لیے ابتدائی طور پر 5 کارکنوں کے لیے ویزے حاصل کیے ہیں جس میں سے 2 افراد جاپان پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید جلد پہنچ جائیں گے لیکن یہ ابتدا ہے مستقبل میں بڑی تعداد میں پاکستانی کارکنوں کو جاپان بلوائیں گے۔
انہوں نے جاپان میں رہنے والے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں جاپانی فیکٹریوں کا وزٹ کریں اور انہیں پاکستانی ورک فورس سے آگاہ کریں، یقین ہے کہ ہر پاکستانی 5 پاکستانیوں کو بھی جاپان بلوانے میں کامیاب ہوگیا تو ایک سال میں 50 ہزار پاکستانی جاپان میں ہونگے۔اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیر اتاشی عاشج لقمان نے بتایا کہ اس سال کے ابتدائی 4 مہینوں میں 6سو سے زائد پاکستانی ملازمت کے لیے جاپان پہنچ گئے ہیں جبکہ سفارتخانہ ورک فورس کو جاپان بلوانے کے لیے آگاہی پھیلانے کے لیے 15 مئی بروز بدھ شام کو جاپان میں رہنے والے کاروباری افراد کے لیے زوم میٹنگ منعقد کررہا ہے جس میں اہم معلومات کمیونٹی کو فراہم کی جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں