عمران خان ویڈیو لنک پر دلائل دے سکتے ہیں، چیف جسٹس نے اجازت دے دی

اسلام آباد(پی این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی و پنجاب حکومت کو ویڈیولنک پر بانیٔ پی ٹی آئی کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے۔لارجر بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بھی شامل ہیں۔حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے روسٹرم پر آکر دلائل دیے۔

دورانِ سماعت پراسیکیوٹر جنرل نیب عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے بتایا کہ اس کیس میں جو دلائل وفاقی حکومت کے ہوں گے ہم انہی کو اپنائیں گے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ فریقِ اوّل کی جانب سے کون وکیل ہے؟حکومتی وکیل مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ مرکزی اپیل میں خواجہ حارث فریقِ اوّل کے وکیل تھے۔ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختون خوا نے کہا کہ ہم نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلےکی حمایت کرتے ہیں۔اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کی نیب ترامیم کی حمایت کرتے ہیں۔پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کے مؤقف کی تائید کرتے ہیں۔جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی ذاتی حیثیت سے پیش ہونا چاہتے تھے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہم نے کہا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی بطور وکیل نمائندگی چاہتے ہیں تو جیل حکام اقدامات کریں، عدالتی کارروائی کو صرف قانونی نکات تک محدود رکھیں گے۔جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی ذاتی حیثیت سے پیش ہونا چاہیں تو اقدامات کیے جانے چاہئیں۔اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ مرکزی کیس میں خواجہ حارث کے ذریعے دلائل دیے گئے۔جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی فریق ہیں انہیں سنا جانا چاہیے، یہ معاملہ نیب کی پولیٹیکل انجینئرنگ میں ملوث ہونے سے متعلق ہے، اگر بانیٔ پی ٹی آئی بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونا چاہیں تو ہو سکتے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی پیش ہونا چاہیں تو ہم کیسے روک سکتے ہیں؟مخدوم علی خان نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو یا وکیل کے ذریعے نمائندگی دی جا سکتی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہ کیس ذاتی حقوق کا نہیں، معاملہ قانون کی شقوں میں ترمیم کا ہے، کیا تمام مقدمات میں بھی ایسے ہی سائلین کو نمائندگی ملنی چاہیے، کیس ترامیم کے درست ہونے یاغلط ہونے سے متعلق ہے۔فاروق ایچ نائیک انفرادی درخواست گزار کے وکیل کی حیثیت سے پیش ہوئے جنہوں نے کہا کہ سوال یہ بھی ہے کہ کیا مرکزی اپیلیں قابلِ سماعت بھی تھیں، یا نہیں؟چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی چاہیں تو آئندہ سماعت پر بذریعہ ویڈیو لنک دلائل دے سکتے ہیں، ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دینے کا بندوبست کیا جائے، کتنے وقت تک ویڈیو لنک کا بندوبست ہو جائے گا؟سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت میں مختصر وقفہ کر دیا۔وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو مخدوم علی خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ترامیم کو کالعدم قرار دیا گیا ہے، وفاقی حکومت متاثرہ فریق ہے۔جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سوال کیا کہ وفاقی حکومت کیسے متاثرہ فریق ہے؟ متاثرہ فرد ہی اپیل کر سکتا ہے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہ معاملہ قانون میں ترمیم کی شقوں کا ہے۔جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ بے نظیر کیس کے تحت یہ اپیل تو قابلِ سماعت ہی نہیں، زیادہ تر ترامیم نیب آرڈیننس سے لی گئی ہیں، ہائی کورٹ کے فیصلوں کے تناظر میں بھی ترامیم کی گئی ہیں، عدالت متاثرہ فریق کی تعریف کر چکی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ صدر کو آرڈیننس جاری کرنے کے لیے وجوہات لکھنی چاہئیں۔مخدوم علی خان نے صدارتی آرڈیننس جاری کرنے سے متعلق آئینی شقوں کو پڑھا۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اگر صدر مطمئن ہوں تو آرڈیننس جاری کیا جاتا ہے۔جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ نیب کو پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ حکومت نے وجوہات دینی ہیں کہ آرڈیننس اس وجہ سے جاری کرنا ضروری ہے۔جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ بریگیڈیئر اسد منیر کا خود کشی کا نوٹ کافی ہے۔جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا 11 رکنی لارجر بینچ ایسی درخواستوں کو سن چکا ہے۔مخدوم علی خان نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ معطل تھا جب نیب ترامیم کے خلاف درخواست سنی گئی۔جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ درخواست میں کوئی ایسی ترمیم چیلنج کی گئی جو آئین کے خلاف ہو؟جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ اہم سوال یہ ہے جو منصور علی شاہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں اٹھایا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ کسی نے کروڑوں کھا لیے، وہ لاکھوں میں بھی ہو سکتے ہیں، کیا دنیا میں ایسی کوئی مثال ہے کہ قانون سازوں نے رقم کا تعین کیا ہو؟جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سوال کیا کہ جو 25 ریفرنس واپس ہوئے ان کا ٹرائل کہاں ہو گا؟ کیا یہ صوبائی خود مختاری میں مداخلت نہیں ہے؟ 1999ء میں نیب کا جو کنڈکٹ رہا، انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی۔جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ نیب کیا ملک میں کسی کو جوابدہ ہے؟

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ کرپشن ایک مسئلہ ہے، جس میں نیب مکمل ناکام ہو چکا ہے، نیب کو پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا گیا، نیب بتائے پچھلے 10 سال میں کتنے سیاستدانوں کے خلاف کیسز چلوائے، پچھلے 100 سال میں کتنے سیاستدانوں کو قید کیا؟چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے فاروق ایچ نائیک کو روسٹرم پر بلا لیا۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ نیب نے 3 سال 1 شخص کو جیل میں رکھا۔جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ لوگوں کے ساتھ ظلم بھی بہت ہو رہا ہے، آپ نے مطمئن کرنا ہے کہ لوگوں پر اب تو ظلم نہیں ہو رہا ہے؟ اٹارنی جنرل! آپ نے یقینی بنانا ہے کہ ویڈیو لنک کام کرے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے انٹرا کورٹ اپیل پر آج کی سماعت کا حکم نامہ لکھوانا شروع کر دیا۔سپریم کورٹ نے آج کی سماعت کے حکم نامے میں کہا ہے کہ نیب سے پوچھا گیا کہ وہ اپیلوں کی حمایت کر رہا ہے یا مخالفت؟ نیب کی جانب سے کہا گیا کہ وہ اپیلوں کی حمایت کرتا ہے۔عدالت نےحکم نامے میں کہا ہے کہ سینئر وکیل خواجہ حارث کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے، مخدوم علی خان کے دلائل کو فاروق ایچ نائیک نے اختیار کیا۔حکم نامے میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت ویڈیو لنک پر بانیٔ پی ٹی آئی کی حاضری یقینی بنائیں۔عدالتِ عظمیٰ نے حکم نامے میں کہا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل کے پی کی جانب سے اپیل کی مخالفت کی گئی، اٹارنی جنرل اور بقیہ 4 ایڈووکیٹ جنرلز نے اپیلوں کی حمایت کی۔واضح رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی نیب ترامیم کے خلاف درخواست پر سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا۔اس وقت کے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں بینچ نے نیب ترامیم کالعدم قرار دی تھیں۔وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close