چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا الیکشن ، تحریک انصاف کی الیکشن رکوانے کی درخواست پر فیصلہ آگیا

اسلام آباد(پی این آئی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 5 سینیٹرز کی جانب سے کل چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن رکوانے کی استدعا مسترد کردی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے پانچ سینیٹرز ڈاکٹر زرقا سہروردی، فلک ناز، فوزیہ ارشد، سیف اللہ نیازی اور سیف اللہ ابڑو کی جانب سے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ کے پی میں سینیٹ نشستوں پر الیکشن کا شیڈول جاری کیا جائے اور خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کے انتخاب تک چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکا جائے۔ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیاکہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کا کیس پشاور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، خیبر پختونخوا سینیٹ نشستوں کے الیکشن کے لئے پشاور ہائیکورٹ سے ہی رجوع کیا جائے۔

دوران سماعت شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہاں پر الگ معاملہ ہے، یہ مخصوص نشستوں کا مسئلہ تھا، الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو نشستیں دینے سے انکار کیا، سنی اتحاد کونسل نے اس کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، بعد میں معاملہ سپریم کورٹ چلا گیا، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے پر خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی کردیے۔انہوں نے کہاکہ تمام صوبوں کی سینیٹ نشستوں کی تعداد برابر ہے، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کردیا گیا، اب باقی صوبوں اور اسلام آباد میں سینیٹ الیکشن ہوگئے ہیں، خیبر پختونخوا میں ملتوی کردیے گئے ہیں اورخیبرپختونخوا کے سینیٹر کے بغیر کل چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہونے جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں