اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد کی سینیٹ کیلئے ٹیکنوکریٹ اور جنرل نشستوں پر حکومتی اتحاد کے امیدوار و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور رانا محمود کامیاب ہوگئے۔
اسلام آباد کی جنرل و ٹیکنوکریٹ نشست پر دو دو امیدوار مدمقابل تھے۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اسحاق ڈار کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار راجہ انصر محمود جبکہ جنرل نشست پر حکومتی اتحاد کے رانا محمود الحسن کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے فرزند علی شاہ سے تھا۔ سینٹ انتخابات میں قومی اسمبلی کے 310 اراکین نے استعمال کیا۔ حکومتی اتحاد کے امیدوار اسحاق ڈار سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ اور جنرل نشست پر رانا محمود الحسن سینیٹ کے رکن منتخب ہوگئے۔ اسحاق ڈار 222 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کے مدمقابل امیدوار راجہ انصر محمود کو 81ووٹ ملے۔5 ارکان قومی اسمبلی کے ووٹ مسترد ہوئے۔
پیپلزپارٹی نے سندھ سے سینیٹ کی 10نشستیں جیت لیں۔ سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 19 امیدوار مد مقابل تھے۔ سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 4 بجے تک جاری رہی اور 154 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ نے نتائج کا اعلان کیا۔ نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی نے سندھ سے سینیٹ کی 10نشستیں جیت لیں جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور آزاد امیدوار نے ایک ایک نشست حاصل کی۔ جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے اشرف علی جتوئی، دوست علی جیسر ، کاظم علی شاہ، مسرور احسن، ندیم بھٹو، ایم کیو ایم کے عامرچشتی اور آزادامیدوار فیصل واوڈا سینیٹر منتخب ہوئے۔
خواتین کی نشست پر پی پی روبینہ قائم خانی، قراۃ العین مری جبکہ ٹیکنوکریٹ نشست پر سرمدعلی اور ضمیرگھمرو کامیاب قرار پائے۔ اقلیت کی نشست پر پیپلزپارٹی کے پنجومل بھیل سینیٹر منتخب ہوئے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی نے آزاد امیدوار فیصل واوڈا کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں