عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے جیل ٹرائل کی منظوری دیدی گئی

لاہور(پی این آئی) پنجاب کابینہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اڈیالہ جیل میں ٹرائل کی منظوری دیدی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا تیسرا اجلاس ہوا ،صوبائی وزرا، مشیر، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ افسران نے کابینہ اجلاس میں شرکت کی۔ پنجاب کابینہ نے عدالت کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی اورشاہ محمودکے اڈیالہ جیل ٹرائل کی منظوری دی۔اجلاس میں سال24-2023 کے سالانہ بجٹ اورضمنی بجٹ گرانٹ کی منظوری کی توثیق کردی گئی۔ مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ میں حکومت پنجاب کے گریڈ انیس کی اسامی کی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب میں لاافسران کی تعداد66 کرنے کی اصولی اور سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں لاہورنالج پارک کو پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے سپردکرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب ایئر ایمولینس پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایئر ایمبولینس پراجیکٹ کی آزمائشی بنیادوں پر آغاز کی ہدایات بھی جاری کیں۔ پنجاب کابینہ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے دور میں بڑھائی گئی 32 سیٹیں ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

پنجاب کابینہ نے کون سا لا افسر کام جاری رکھے گا کس کو فارغ کیا جائے گا اس کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی پرفارمنس کی بنیاد پر لا افسران کو رکھنے یا فارغ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔ اس کے علاوہ کونسل آف کامن انٹرسٹ سیکریٹریٹ میں صوبائی نمائندگی سے متعلق سی سی ای کی سب کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی کارروائی کی توسیع بھی کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں