الیکشن 2024: بلاول بھٹو نے نواز شریف کو بڑا چیلنج کر دیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قائدن لیگ میاں نوازشریف کو 8 فروری سے پہلے کسی بھی وقت منصوبوں پر مباحثہ کرنے کی دعوت دے دی۔

اعلامیہ پیپلزپارٹی کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کو مباحثے کی دعوت دے دی، مسلم لیگ ن کے وزیراعظم کے امیدوار نوازشریف کو ڈبیٹ کی دعوت دیتا ہوں، نوازشریف 8 فروری سے پہلے کسی بھی وقت اورکسی بھی جگہ پرمنصوبوں پر مباحثہ کرلیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا بھر میں صدر اور وزیراعظم کے انتخابی امیدوار ٹی وی پر مباحثہ کرتے ہیں، ایسے مباحثوں سے ووٹرز کو قیادت کے مستقبل کے منصوبوں کا پتا چلتا ہے، ووٹنگ کے عمل سے پہلے باخبر ووٹرزکیلئے یہ شفافیت بہت ضروری ہے۔ مزید برآں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملتان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں واحد لیڈر ہوں جو پورے ملک میں جلسے کررہا ہوں، کچھ لیڈروں کا مقصد کرسی پر بیٹھنا ہے،ہم غربت کا خاتمہ کریں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

پاک فوج اور پولیس کی قربانیوں سے دہشتگردوں کو ختم کیا ، دہشتگرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں، ایک جماعت نے معاشرے اور اداروں کو تقسیم کیا ہے، ہمارا ساتھ دیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کردیں گے، پرانے سیاستدانوں نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں بدل دیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میں جو کہتا ہوں ن لیگ اسے نقل کرکے اعلان کردیتی ہے، 300یونٹ مفت بجلی کے اعلان پر ن لیگ نے مذاق بنایا، جبکہ ن لیگ نے اگلے دن ہی مفت بجلی یونٹ دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موٹروے میں چوری کرکے ایون فیلڈ کے اپارٹمنٹ بنائے جاتے ہیں، سی پیک کا منصوبہ آصف زرداری کا تھا تم سی پیک کے چور ہو، کہتے ہیں تھرپارکر کا منصوبہ کا بانی نوازشریف ہے، یہ اب عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، عوام جان چکے ہیں۔

اب ہم ان کے ساتھ نہیں چل سکتے، عوام پر فیصلہ چھوڑتے ہیں رائے ونڈ والے سمجھتے ہیں کہ انہوں نے میچ فکس کرلیا ہے، مخالف کا بندوبست کرلیا ہے، خود گھر سے نکلتے بھی نہیں ہیں، پاکستان کے فیصلہ کریں سمجھ سوچ کر ووٹ کریں، ووٹ ضائع نہ ہو، عوام طے کریں ہم نے ان کا راستہ روکنا ہے اور چوتھی بار نوازشریف کو وزیراعظم نہیں بننے دینا، تو ایک ہی طریقہ ہے، مقابلہ اب شیر اور تیر کے درمیان ہے۔ عوام سے درخواست ہے کہ تیر پر ٹھپہ لگائیں ہم مل کر شیر کا شکار کریں گے، 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی اور شیر کا شکار ہوگا، پھر حکومت جنوبی پنجاب کی ہوگی۔

انشاء اللہ وزیراعظم کا عہدہ میں سنبھالوں گا اور جنوبی پنجاب سے وزیراعلیٰ پنجاب بناؤں گا۔آپ کو معلوم ہونا چاہیے ہم جو بات کرتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں، لوگ کہتے تھے کہ عمران خان دس سال کیلئے وزیراعظم رہے گا۔ ہم عوام کی حمایت سے یہ الیکشن جیتیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close