راولپنڈی (پی این آئی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ایک مشکل لیکن یادگار 2023 کا سال االوداع ہو گیا، مسلح افواج پاکستان کے غیور اور باوقار عوام کو نئے سال کی مبارک باد پیش کرتی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقار عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سال نو کے موقع پر خصوصی پیغام میں کیا۔جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ سال 2024 پاکستان کے لئے داخلی اورخارجی محاذ پرانتہائی اہمیت رکھتاہے۔ پاکستان بے پناہ نعمتوں اور بے شمار مواقعوں کی سرزمین ہے اسکی مسلح افواج مادر وطن کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ بلاشبہ ہماری عظیم قوم اپنے آبا ئواجداد کے خوابوں اور پاکستان کے عوام کی امنگوں کے مطابق آگے بڑھے گی۔یقیناً آنے والی نسلوں کے لئے روشن مستقبل انشا اللہ ان کا منتظر ہے۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق ہم فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور دعا گو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نیا سال فلسطینیوں اور کشمیری عوام کے مصائب میں ریلیف لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک قومی فوج کی حیثیت سے قومی سلامتی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی پر فخر ہے۔
افواج پاکستان اور عوام ایک ہیں، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کے اس رشتے کو کمزور نہیں کر سکتی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں