پی ٹی آئی انتخابی نشان کیس: الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کردی

پشاور(پی این آئی)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انتخابی نشان سے متعلق فیصلے پر پشاور ہائیکورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے وکیل نے پشاور ہائیکورٹ میں دو الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں جن میں سے ایک درخواست پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان سے متعلق ہے جس میں الیکشن کمیشن نے عدالت سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے ایک اور درخواست دائر کی ہے جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہےکہ چھٹیوں کے دوران ہی ڈویژنل بینچ بناکر درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیاجائے۔
واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کو آئین کے برخلاف قرار دیتے ہوئے کالعدم کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھن گیا تھا تاہم تحریک انصاف نے کمیشن کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

پشاورہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات اور انتخابی نشان سے متعلق الیکش کمیشن کافیصلہ معطل کرتے ہوئے تحریک انصاف کو انتخابی نشان بلا بحال کیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عدالتی چھٹیوں کے بعد جو پہلا ڈویژنل بینچ تشکیل دیا جائے گا اس میں کیس پر مزید سماعت ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں