اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او آرڈر کے خلاف درخواستیں منظور کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سابق اراکین قومی اسمبلی شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او آرڈر کے تحت گرفتاری کے خلاف درخواستیں منظور کرلیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس بابر ستار نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ تھری ایم او اختیارات کا18، 1980 کا قانون غیر قانونی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے پاس تھری ایم پی او جاری کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ تھری ایم پی کا اختیار صرف وفاقی کابینہ کے پاس ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ ماہ 23 نومبر کو رہنما تحریک انصاف شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او کے تحت نظربندی کا کمشنر اسلام آباد کا حکم کالعدم قرار دینے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
کیس کی گزشتہ سماعت کا احوال
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے رہنما تحریک انصاف شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او کے تحت نظربندی کے حکم کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تھری ایم پی او آرڈر جاری کرنے کے اختیار پر دلائل مکمل کیے، درخواست گزاروں کے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے انہیں تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے اختیارات سے متعلق عدالت نے 2عدالتی معاونین مقرر کیے تھے، عدالتی معاونین بیرسٹر صلاح الدین اور وقار رانا عدالت میں دلائل مکمل کر چکے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کے خلاف ایم پی او آرڈر معطل کر رکھا ہے اورعدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو مزید ایم پی او آرڈر جاری کرنے سے روک رکھا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کے خلاف 9مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے کے الزام پر ایم پی او کے تحت تھانہ نیو ٹاؤن راولپنڈی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
گرفتاری کے بعد شہریار آفریدی بارہا رہا ہوئے تاہم ان کو جیل سے نکلنے کے فوراً بعد دوبارہ ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا جاتا تھا۔
شہریار آفریدی نے گرفتاری کے خلاف 10 اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت نے انہیں 16 اگست کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری بھی کالعدم قرار دی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے دونوں رہنماؤں کو گھروں میں رہنے اور سوشل میڈیا کا استعمال نہ کرنے کی مشروط اجازت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں