وہ سیاست دان جو عام انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان میں اگلے عام انتخابات 8فروری کو منعقد کیے جا رہے ہیں جہاں کروڑوں رائے دہندگان اگلے پانچ برس کے لیے اپنے نمائندے منتخب کریں گے۔
گزشتہ روز عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ملک بھر سے ہزاروں امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جن میں تمام بڑی چھوٹی سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدواروں کی بھی ایک بڑی تعداد سامنے آئی۔
بظاہر جن سیاست دانوں نے ریٹائرمنٹ لے لی یا عام انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے اُن میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نمایاں ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کے مری والے حلقے سے اُن کے بیٹے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔اُن کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین شامل ہیں۔
سابق وزرائے خزانہ مفتاح اسماعیل اور اسد عمر بھی اگلے الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے۔
جعلی سرٹیفیکیٹ جمع کرانے پر نااہل قرار دیے گئے سابق رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا بھی الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے۔
ان کے علاوہ علی نواز اعوان،سابق گورنر پنجاب چودھری سرور، پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری نیئر بخاری اور بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے بھی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

ادھر الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسران کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑ تال کی آسانی کے لیے آن لائن سہولت مرکز الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں قائم کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اِس سہولت مرکز کی معاونت نادرا، قومی احتساب بیورو، ایف آئی اے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کر رہے ہیں۔یہ مرکز 24/7 کام کر رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے موصول شدہ امیدواران کے کوائف ضروری کاروائی کے لیے ان اداروں کو بھجوائے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close