آرمی چیف کی یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات، غزہ اور کشمیر کے مسائل پر غور

راولپنڈی(پی این آئی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ امریکا کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انتونیو گوتریس نے نیو یارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر آمد پر آرمی چیف کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاک فوج و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عالمی امن و استحکام میں تعاون کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے اقوام متحدہ کی تمام سنجیدہ کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور سیکرٹری جنرل سے گفتگو میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے غزہ کی صورتحال اور جنگ بندی پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیرکا پرامن حل ناگزیر ہے، تنازع کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کی مذمت کی اور بھارتی اقدامات کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close