الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول سے متعلق خبروں پر وضاحت کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے انتخابی شیڈول سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔

 

 

 

 

الیکشن کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر وقتاً فوقتاً الیکشن کے حوالے سے جھوٹے بیانات جاری ہو رہے ہیں، اسی حوالے سے جنگ اخبار کے صفحہ 10 پر چھپنے والا بیان بھی گمراہ کن ہے۔ ترجمان ای سی پی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں دائر درخواستوں پر کوئی مشاورت نہیں کی گئی، ترجمان الیکشن کمیشن کے علاوہ الیکشن کمیشن سے کسی بھی منسوب بیان پر توجہ نہ دی جائے اور نہ ہی ایسے بیانات کو الیکشن کمیشن کا پالیسی بیان سمجھا جائے۔ پریس ریلیز میں ای سی پی کے ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اس کی پر زور تردید کرتا ہے کیوں کہ الیکشن کمیشن نے ملک میں ہونے والے عام انتخابات کا شیڈول ابھی جاری نہیں کیا اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا شیڈول جعلی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریاں تیز کر دی ہیں، الیکشن کمیشن کا جلد ہی ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا امکان ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے سروسز سیکرٹریز سے افسران کے سروس ریکارڈ حاصل کرکے جائزہ لے لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ عام انتخابات میں 142 ڈی آر اوز اور 859 آر اوز تعینات کیے جائیں گے، الیکشن کمیشن قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں الگ الگ ریٹرننگ افسر تعینات کرے گا، ڈی آر اوز اور آر اوز کو اگلے ہفتے ٹریننگ دی جائے گی، انتخابی افسران کو ٹریننگ ماسٹر ٹرینڈرز دیں گے، ڈی آر اوز کو صوبائی الیکشن کمیشن میں ٹریننگ دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close