کرپشن کیس: فواد چودھری کے راہداری ریمانڈ پر عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(پی این آئی )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پراسیکیوشن کی استدعا پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے راہداری ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔فواد چودھری کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن حکام کے حوالہ کردیاگیا۔
فواد چوہدری کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب کے کیس کی سماعت ہوئی۔
جج قاضی ماجد نے کہا کہ اینٹی کرپشن محکمۂ پنجاب کو فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ درکار ہے۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبر ہیں، ملک آئین اور قانون کے تحت نہیں چل رہا۔
وکیل صفائی نے فواد چوہدری کے خلاف درج مقدمے کا متن پڑھا اور کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف مدعی راولپنڈی کا رہائشی ہے، فواد چوہدری کو کون سا نیا نوٹ اینٹی کرپشن محکمۂ نے دیا ہے؟ انکوائری، نہ تفتیش کی گئی، نوٹس دیا گیا لیکن واپس لے لیا گیا، پراپرٹی بلڈوز کرنے کی کوشش کی، سیاسی انتقام لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو سیاستدان اچھا نہیں لگتا اسے ہتھکڑیوں میں رکھ دیا جاتا ہے۔
پراسیکیوٹر عدنان علی نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت اسلام آباد میں دائر نہیں ہو سکتی کیونکہ فواد چوہدری گرفتار ہیں، ر اہداری ریمانڈ کے اسٹیج پر کیس کے میرٹ کا فیصلہ نہیں ہو سکتا، فواد چوہدری پر بطور وزیر کرپشن کرنے کا الزام ہے۔
عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر فواد چوہدری کے رہداری ریمانڈ پر فیصلہ سنا دیا۔ فواد چودھری کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن حکام کے حوالہ کردیاگیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ قاضی ماجد نے محفوظ فیصلہ سنایا۔عدالت نے حکم دیا کہ فواد چودھری کو متعلقہ عدالت پیش کیاجائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں