ہمارامطالبہ اقتدار نہیں،قوم کو بتائیں اس ملک میں ڈاکہ کس نےڈالا،نوازشریف

لاہور(پی این آئی ) مسلم لیگ (ن) کے قائداور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک کھلنڈرا لایا گیا جس نے ملک کا بُرا حال کر دیا، ہم اقتدار نہیں عوام کی بھلائی چاہتے ہیں۔
پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے پانچویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ وقت کو برا نہیں کہنا چاہیے، خواہش ہے پاکستان کو مصیبتوں سے باہر نکالاجائے، ملک و ملت کی ترقی کا مشن لے کر سیاست میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کریں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، ایسے شخص کو لایا گیا جسے ملک، معیشت اور عالمی تعلقات کا کچھ پتہ ہی نہیں تھا، ریاست مدینہ کہنے والے کو خود ریاست مدینہ کا نہیں پتہ تھا، عوام کو قصہ اور کہانیاں سنائی گئیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا سکینڈل بہت بڑا ہے، قوم کو بتائیں کہ ملک میں ڈاکا کس نے ڈالا، بند لفافہ دکھا کر اپروول لیتے رہے، لفافہ کھول کر ہی نہیں دکھایا، سپریم کورٹ نے کہا یہ حکومت پاکستان کا پیسہ ہے وہاں جانا چاہیے۔
نوازشریف نے کہا کہ ملک کے 60 ارب روپے کھاؤ گے تو بجلی مہنگی نہیں ہوگی تو کیا ہوگا، اگر یہ پیسہ نہ کھایا جاتا تو ہم کم یونٹس والوں کو مفت بجلی دے دیتے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کا الزام لگا کر نکالا گیا، دوسروں کو چور کہنے والے خود چور ہیں، آج 7 سال بعد مجھے جھوٹے الزامات پر انصاف مل رہا ہے۔
قائد مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو موجود ہے کہ ان کو اندر رکھنا ہے اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو لانا ہے، سب کا احتساب ہونا چاہیے، ہم یہاں حکومتیں لینے نہیں بیٹھے، ہم اقتدار نہیں عوام کی بھلائی چاہتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close