شہزاد اکبر، زلفی بخاری اور ملک ریاض کو اشتہاری قرار دینے کےلیے کارروائی شروع

اسلام آباد(پی این آئی ) 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں شہزاد اکبر،زلفی بخاری، ملک ریاض اور فرح شہزادی سمیت دیگر شریک ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے تحریری حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے ملزمان کی رہائش گاہوں کے باہر اشتہارات چسپاں کرنے کی ہدایت کر دی۔
جج محمد بشیر کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم نے بتایا کہ ریفرنس میں شریک 6 ملزمان ملک ریاض، مرزا شہزاد اکبر، ضیاء المصطفی نسیم۔ زلفی بخاری، احمد ریاض، فرحت شہزادی کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہو سکی۔

تفتیشی افسر کی رپورٹ کے مطابق ملزمان جان بوجھ کر وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہونے دے رہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت مطمئن ہے کہ ملزمان مفرور ہیں اور گرفتاری سے بچنے کے لیے چھپے ہوئے ہیں۔ ملزمان کی رہائش گاہوں کے باہر اشتہارات چسپاں کیے جائیں۔ ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دیئے جانے کی مزید کارروائی 6 جنوری کو ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close