نوازشریف کی 15 سال بعد چوہدری شجاعت سے ملاقات، الیکشن اتحاد پر بات چیت

لاہور(پی این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور (ق) لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات ہوئی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف 2009 میں چوہدری شجاعت کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے لیے ان کے گھر گئے تھے۔
نواز شریف بدھ کے روز تقریباً 15سال بعد چوہدری شجاعت سے ملنے ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ شہباز شریف، مریم نواز ، رانا ثنااللہ، ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ موجود تھے جب کہ چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے ملاقات میں چوہدری سالک حسین، چوہدری شافع حسین ، چوہدری وجاہت اور طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے۔

نواز شریف اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور آئندہ انتخابات سے متعلق مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق امید ظاہر کی جارہی ہےکہ دونوں جماعتوں کی ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو الیکشن میں الحاق پر مذاکرات کرے گی۔
ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت نے کہا ہےکہ جن سیٹوں سے ہمارے لوگ جیتے تھے نہ صرف وہ ہمیں دی جائیں اس کے علاوہ بھی گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہاؤ الدین اور حافظ آباد میں سیٹیں دی جائیں تاکہ اپنے زیادہ سے زیادہ امیدوار کھڑے کرسکیں۔
(ق) لیگ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہےکہ جن سیٹوں سے (ن) لیگ کے لوگ جیتے تھے اس کے نیچے صوبائی اسمبلی کی سیٹیں انہیں دی جائیں، (ق) لیگ نے بہاولپور سے طارق بشیر چیمہ کی نشست بھی مانگی ہے اور اس کے نیچے 2 ممبران صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدوار بھی طارق بشیر کی مرضی کے ہوں گے۔
نواز شریف اور چوہدری شجاعت کے درمیان ملاقات کے بعد (ن) لیگ کا وفد میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوگیا جب کہ (ق) لیگ کی جانب سے بھی میڈیا سے کسی نے بات نہیں کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close