عوام کے لئے خوشخبری، پاکستان نے معیشت کی بحالی کی جانب اہم سنگ میل عبور کر لیا

اسلام آباد(پی این آئی)معیشت کی بحالی کی جانب اہم سنگ میل عبور، پاکستان اور سعودی عرب کا سرمایہ کاری کے طریقہ کار پر اتفاق ہوگیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے خوشخبری سناتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا سرمایہ کاری کے طریقوں پر اتفاق ہوگیا، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی ) کیساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی توثیق کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان اس اقدام کا 19 سال سے منتظر تھا، گزشتہ 15 سال میں خلیج تعاون کونسل کی جانب سے کسی ملک کے ساتھ پہلا تجارتی اور سرمایہ کاری معاہدہ ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل میں آزاد تجارت کا معاہدہ 19سال سے التوا کا شکار تھا۔ دوسری جانب گزشتہ روز پاکستانی وفد نے جی سی سی ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے کے سرمایہ کاری سے متعلقہ حصے کو حتمی شکل دینے کیلئے چیف مذاکرات کار کے ساتھ ملاقات کی، دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیموں نے سرمایہ کاری کے باب کی بقیہ تفصیلات بشمول سرمایہ کاری کے تحفظ اور سہولت پر وسیع بات چیت کی۔ ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے بہاؤ پر آزادانہ تجارت کے ممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے سے تجارت اورسرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اورجی سی سی ممالک کے ساتھ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ یاد رہے کہ 29 ستمبر کو پاکستان اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مذاکرات کا آخری دور مکمل ہونے کے بعد آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے ابتدائی معاہدے پر دستخط کئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close