الیکشن وقت پر ہوں گے یا نہیں؟ چیف الیکشن کمشنر کا بڑا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے انتخابی شیڈول کے اعلان کے حوالے سے بتا دیا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیاں شائع ہو چکی ہیں، باقی سب کام بھی اپنے وقت پر ہوں گے، ہم سب کچھ اپنے وقت سے پہلے کر رہے ہیں، الیکشن شیڈول، آر اوز اور ڈی آر اوز کی تعیناتی بھی وقت پر ہوگی اور انتخابات کے لیے ایکشن شیڈول کا اعلان بھی 8 فروری سے 54 دن پہلے ہوگااس موقع پر جب صحافیوں نے چیف الیکشن کمشنر سے انتخابی عملے کے بارے میں دریافت کیا کہ ’ر اوز اور ڈی آر اوز عدلیہ یا بیوروکریسی سے لیں گے؟‘ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے مسکراتے ہوئے ’نو کمنٹس‘ کا جواب دیا۔ بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کر دی، الیکشن کمیشن کی جانب سے 266 قومی اور 593 صوبائی نشستوں کی حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے اعلامیہ سے پتا چلا ہے کہ قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستیں ہوں گی، یوں قومی اسمبلی کا ایوان 326 ارکان پر مشتمل ہوگا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حتمی حلقہ بندیوں کے مطابق اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی 3 جنرل نشستیں ہوں گی جبکہ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی اسمبلی کی 297 جنرل نشستیں ہوں گی۔

پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی 32 مخصوص نشستیں، سندھ سے 14، خیبرپختونخوا سے 10 اور بلوچستان سے خواتین کی 4 مخصوص نشستیں ہوں گی، سندھ میں قومی اسمبلی کی 61 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 130 جنرل نشستیں ہوں گی۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 جنرل نشستیں ہوں گی، بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 جنرل نشستیں ہوں گی جب کہ ملک بھر میں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں کے 593 حلقے ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں