نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا پی ٹی آئی سے متعلق بڑا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ 8 فروری کو عام انتخابات ہوں گے اور ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے، عوام سے ووٹ لینے کیلئے محرومی کارڈ استعمال کیا جارہا ہے ، پی ٹی آئی کو سیاسی سرگرمیوں کی مکمل اجازت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بدقسمتی یا قسمت پر مکمل طور پر یقین رکھتا ہوں، ہوسکتا ہے جنہوں نے مجھے وزیر بننے سے روکا وہ دوست اب پچھتا رہے ہوں، بندے کو اندازہ نہیں ہوتا ، لیکن اگر نیت ٹھیک ہو تو نتائج دیر سے آتے ہیں لیکن بہتر ہوتے ہیں، حکومت شفاف الیکشن یقینی بنائے گی، آٹھ فروری کو عام انتخابات ہوں گے اور ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے، اس وقت ملک میں سکیورٹی چیلنجز پہلے سے زیادہ ہیں، سکیورٹی چیلنجزکو سیاسی عمل کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہتے، عوام سے ووٹ لینے کیلئے محرومی کارڈ استعمال کیا جارہا ہے ، پی ٹی آئی کو سیاسی سرگرمیوں کی مکمل اجازت ہے، سیاسی جماعتوں کی بیان بازی سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔سرفراز بگٹی ہمارے بہت اہم وزیر ہیں، میری نظر سے ان کا بیان نہیں گزرا، شاید ان کے منہ سے کوئی بات نکلی ہو ، اگر ایسا لفظ استعمال ہوا بھی ہو، تو ایک لفظ کے استعمال سے پورے نگران سسٹم پر کیسے سوالیہ نشان لگایا جاسکتا ہے؟نگران حکومت کسی بھی ایک سیاسی جماعت کو فیور نہیں کررہی ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں دہشتگردی کی لہر ہے اس کو کسی سیاسی عمل سے نہیں جوڑنا چاہتے، بہت زیادہ چیلنجز ہیں، مغربی بارڈر پر جس طرح کی صورتحال بنتی جارہی ہے وہ آنے والے دنوں میں مزید سنجیدہ ہوسکتی ہے، لیکن یہ الیکشن میں رکاوٹ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے دو ماہ میں بھاری اور متاثر کن غیرملکی سرمایہ کاری ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں