راولپنڈی (پی این آئی) احتساب عدالت کے حکم کی روشنی میں نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتار ی ڈال دی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب راولپنڈی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتار ی ڈال دی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری اڈیالہ جیل حکام کو موصول کروائے گئے، نیب ٹیم نے عدالت سے حاصل وارنٹ گرفتاری کی سپرنٹنڈنٹ جیل سے تعمیل کروائی،اڈیالہ جیل میں نیب ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی سے 190ملین پاؤنڈ کے القادر ٹرسٹ کیس سے متعلق انکوائری کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی پہلے ہی سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔
مزید برآں 190ملین پاؤنڈ کیس میں نیب کی سفارش پر چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا۔ القادر ٹرسٹ (190 ملین پاؤنڈ) کیس میں بشریٰ بی بی سے نیب راولپنڈی آفس میں تحقیقاتی ٹیم کی تفتیش کی گئی ، جہاں نیب کی جانب سے بشریٰ بی بی کو گیارہ سوالات پر مشتمل ایک سوالنامہ فراہم کیا گیا ہے، نیب نے بشری بی بی کواس کیس میں ان 11 سوالات کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
سوالنامے کے مطابق ان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے تعلیمی قابلیت کیا ہے، تعلیم کہاں سے حاصل کی اور اسلامی تدریسی کورس بھی کیا ہے؟ القادر یونیورسٹی ٹرسٹ بنانے کا کیا مقصد تھا؟ ٹرسٹی ہونے کے ساتھ بطور ٹیچر بھی کوئی ذمہ داری ادا کر رہی ہیں؟ بطور استاد یا ٹرسٹی ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی سے کوئی تنخواہ یا مراعات بھی لیتی رہی ہیں؟ القادریونیورسٹی کیلئے جگہ کا تعین کس نے کیا اور یہ یونیورسٹی بنانے کا آئیڈیا کس کا تھا؟ آپ کی بطورٹرسٹی القادریونیورسٹی میں کیا ذمہ داریاں تھیں؟ اس ٹرسٹ کیلئے ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن کا کیا کردار ہے؟ بزنس ٹائیکون نے خود ٹرسٹ بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا یا پھر پہلے ان سے آپ نے رابطہ کیا؟ آپ فرحت شہزادی کو کیسے جانتی ہیں؟ کیا آپ فرح شہزادی کے کردار اور مالی معاملات سے مطمئن ہیں؟
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں