دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سمیت کتنے جوان شہید ہوگئے؟ افسوسناک خبر

راولپنڈی(پی این آئی) خیبرپختونخواہ کے ضلع وادی تیراہ میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت چار فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چھ نومبر کی رات سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر وادی تیراہ میں آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں قیادت کرنے والے 43 سالہ لیفٹننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے جام شہادت نوش کیا۔دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں نائیک خوش دل خان، رفیق خان، لانس نائیک عبد القادر نے بھی جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں باقی دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مستحکم بناتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close