اسلام آباد (پی این آئی) صدرمملکت اور الیکشن کمیشن میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
ایکس پر جاری اعلامیہ ایوان صدر کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے آج کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی اٹارنی جنرل برائے پاکستان منصور عثمان اعوان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چار ممبران کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملک میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدرمملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت کوسنا۔
تفصیلی بحث کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے 11فروری کی تاریخ مقرر کی۔ الیکشن کمیشن نے حتمی تاریخ سے متعلق صدر مملکت کو خط بھیجا، خط میں الیکشن کمیشن نے تجویز دی کہ عام انتخابات 11 فروری کو کرائے جائیں گے۔ یاد رہے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر صدر مملکت عارف علوی سے ایوان صدر میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں اٹارنی جنرل بھی شریک تھے، صدر سے مشاورت میں الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران اور ڈی جی لاء شریک تھے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے مردم شماری کے بعد حلقہ بندیوں اور پھر الیکشن کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ حلقہ بندیوں سے متعلق ابتدائی فہرست 28 ستمبر کو جاری کی گئی، حلقہ بندیوں پر 1324سے زائد اعتراضات دائر کئے گئے۔
حلقہ بندیوں کا عمل 30 نومبر کو مکمل ہوگا، جبکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 5 دسمبر کو جاری کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے صدر مملکت کے سامنے تین تاریخیں رکھی ہیں۔ 28 جنوری، 4 فروری اور 11 فروری کی تاریخیں صدر مملکت کے سامنے رکھی گئیں، تینوں تاریخیں اتوار کی گئی گئی ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے11فروری کو الیکشن کیلئے موزوں تاریخ قرار دیا گیا ہے، 11فروری کی تاریخ دینے سے سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کیلئے موزوں وقت مل جائے گا، پھر اتوار کو الیکشن ہونے سے زیادہ سے زیادہ عوام کو ڈالنے کا موقع ملے گا۔ صدرمملکت اور الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخوں سے متعلق مشاورتی عمل کی رپورٹ کل سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔ ذرائع ایوان صدر کے مطابق ایوان صدر میں ملاقات کے دوران الیکشن کی تاریخ کے لئے آئینی قانونی معاملات کا جائزہ لیا گیا، الیکشن کمیشن نے تین تاریخوں کو صدر کے سامنے رکھا، انتخابی مہم کیلئے وقت کے آئینی تقاضے کو ملحوظ خاطر رکھا گیا۔
میڈیا کے مطابق بعدازاں چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن آفس میں میٹنگ اور الیکشن کمیشن کی حتمی تاریخ سے متعلق صدر مملکت کو خط بھیج دیا، جس میں الیکشن کمیشن نے تجویز دی کہ عام انتخابات 11 فروری کو کرائے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں