لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس آج منگل جاتی امراء رائیونڈ میں طلب کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف تقریباً 4 سال کے بعد پارٹی کے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں پارٹی صدر شہباز شریف، سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز، نائب صدر حمزہ شہباز سمیت اعلیٰ لیگی قیادت شریک ہو گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، آئندہ عام انتخابات سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا جائے گا ۔ اس کے ساتھ اجلاس میں نواز شریف کی سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے پر بھی غور ہو گااور انکے ملک بھر کے دوروں کا ابتدائی شیڈول بھی زیرغور آئے گا۔اجلاس میں پارٹی کی انتخابی مہم کے آغاز، انتخابی منشور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام صوبائی صدور اپنے اپنے صوبوں کے ممکنہ انتخابی امیدواروں کے نام بھی پیش کریں گے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں