سیاستدان کو کسی فوجی کا نام نہیں لینا چاہئے، شیخ رشید نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مشورہ دے دیا

اسلام آباد (آئی این پی )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ میں 40 دن کے چلے پر گیا تھا، میرا بھتیجا راشد بیٹے کی جگہ ہے اسے بتایا کہ اب چلے سے فارغ ہوگیا ہوں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ راشد کو بتا نہیں سکا اس لیے ان کو میری فکر ہوگئی، چلے میں عمر کے اس حصے میں کافی چیزیں سوچنے کا موقع ملا، اس چلے میں کسی نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا ،سب نے تعاون ہی کیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ آج بھی فوج کے ساتھ کھڑا ہوں، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو بھی ہمیشہ کہا کہ فوج سے بنا کر رکھنی چاہیے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ میں 9مئی کے واقعات کے وقت ملک سے باہر تھا۔میں نے 9 مئی کے واقعات کی 10 مئی کو مذمت کی ،میری مذمت کو زیادہ سنا نہیں گیا،9 مئی کے واقعہ میں غیر سیاسی لوگوں نے اہم کردار ادا کیا۔اسٹیبلشمنٹ سے ہماری لڑائی بنتی ہی نہیں تھی،سیاستدان کو کسی فوجی کا نام نہیں لینا چاہئے،ملک اداروں کے بغیر نہیں چل سکتا،سیاستدانوں اور اداروں کو ملکر چلنا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ہمیشہ کہا فوج سے بنا کر رکھنی چاہئے ۔قومی سلامتی کی سائفر سے متعلق میٹنگ میں موجود تھا۔3 آدمی چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے فوج سے مذاکرات کر رہے تھے ۔تینوں آدمیوں نے اپنی اپنی جماعت بنا لی ہے،میری بھی کوشش تھی اس میں حصہ ڈالوں۔مجھ سے ایم کیو ایم نے بات کی تو اندازہ ہو گیا تھا ہمارا کام ختم ہوگیا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں