نواز شریف کی واپسی میں 24 گھنٹے رہ گئے، مینار پاکستان پر خطاب کیلئے بلٹ پروف کیبن لگا دیا گیا

لاہور(آئی این پی)سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف تقریباً چار سال بعد کل ( ہفتہ )21اکتوبر کو وطن واپس پہنچیں گے ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پارٹی قائد کے پرتپاک استقبال کے سلسلہ میں گریٹر اقبال پارک میں تاریخی جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں ،نواز شریف نے قوم کو آئندہ کا سیاسی ، سماجی اور معاشی ایجنڈا اور لائحہ عمل دینے کے لئے خطاب کے ابتدائی نکات تیار کر لئے جنہیں وطن واپسی پر پارٹی کی مرکزی قیادت سے مشاورت میں حتمی شکل دی جائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیر اعظم و پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر شایان شان استقبال اور لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں عظیم الشان جلسے کے لئے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں ۔منتظمین کی جانب سے نواز شریف کے تاریخی استقبال کے لئے گریٹر اقبال پارک میں پنڈال کی تیاریاں جاری ہیں ،گریٹر اقبال پارک میں نواز شریف اوردیگر قیادت کے بیٹھنے کے لئے 80فٹ چوڑا اور 40فٹ بلند اسٹیج تیار کر لیا گیا ،اسٹیج پر نواز شریف کے خطاب کے لئے بلٹ پروف کیبن بھی لگایا گیا ہے ۔پنڈال کے اندر رہنمائوں کے قومی اسمبلی کے حلقوں کے تناسب سے الگ الگ انکلیو ژرزبنائے گئے ہیں ،پنڈال میں خواتین ونگ، یوتھ ونگ، لائیرز ونگ، منیاٹی ونگ ، تاجر ونگ سمیت دیگر تمام ذیلی تنظیموں کے لئے الگ الگ انکلیو ژرز مختص کئے گئے ہیں ،صوبائی ٹکٹ ہولڈرز اپنے اپنے حلقے کے کارکنان کے ساتھ پنڈال میں مخصوص انکلیو ژرزمیں موجود رہیں گے ،پنڈال میں ہر ایک انکلیو ژر میں 3500سے 5500کرسیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے منتظمین کے مطابق گریٹر اقبال کے پنڈال میں داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کئے جائیں گے،مینار پاکستان جلسے میں آنے والے قافلوں کے لئے پارکنگ پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے ،مینار پاکستان جلسے میں کارکنان کی آمد کے لئے شاہدرہ اور بتی چوک سے آنے والے قافلوں کو راوی روڈ پر پارکنگ مہیا کی جائے گی ،ملتان روڈ اور فیروز پور روڈ سے آنے والے قافلوں کو ٹیکسالی گیٹ والی سائیڈ پر پارکنگ مہیا کی جائے گی ۔ منتظمین کے مطابق مرکزی رہنمائوں کو گریٹر اقبال پارک کے عقبی دروازے سے اسٹیج تک رسائی دی جائے گی ،جلسہ گاہ میں سائونڈ سسٹم، لائٹس ، اسٹیج اور پارکنگ سمیت دیگر امور کے لیے 30 کوارڈی نیٹرز مقرر کئے گئے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے منتظمین کے مطابق نواز شریف کے استقبال کے لئے آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں سے پارٹی رہنما اور کارکنان لاہور پہنچیں گے، دور درازے کے علاقوں سے کارکنان کی آمدن کا سلسلہ آج جمعہ کے روز سے شروع ہو جائے گا جن کے لاہور میں قیام کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی اور گریٹر اقبال پارک میں جلسے کے لیے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ منصوبے کے مطابق 10ہزار سے زائد افسران و اہلکار مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور جلسے کے شرکاء کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔ جلسے میں 10 ایس پیز ،35ڈی ایس پیز اور تمام ایس ایچ اوز ڈیوٹی دیں گے ، ایلیٹ فورس وی وی آئی پیز کی سکیورٹی کے لیے مرکزی اسٹیج اور اس کے اردگرد تعینات ہوگی، گریٹر اقبال پارک میں عارضی طور پر 400 کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کرنے کا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جنہیں لائیو مانیٹرنگ کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی سے منسلک کیا جائے گا ۔ پولیس کے مطابق جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے آٹھ انٹری پوائنٹس رکھے جائیں گے ،شرکا ء کو فول پروف سکیورٹی دینے کے لیے سادہ کپڑوں میں بھی اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے اپنے رضا کار بھی تعینات ہوں گے۔ جلسے کے آغاز سے قبل پنڈال اور خصوصی طور پر اسٹیج کی جامع تلاشی لی جائے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں