اسلام آباد( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
فرخ حبیب نے آج آئی پی پی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا۔ فرخ حبیب پریس کانفرنس کرنے استحکام پاکستان پارٹی کے دفتر پہنچے تھے۔اس موقع پر آئی پی پی کے رہنما عون چوہدری بھی موجود تھے۔اس سے قبل سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی بازیابی کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کے نام خط لکھ دیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق خط میں چیف جسٹس سے فرخ حبیب کی جبری گمشدگی کا فوری نوٹس لینے اور جلد از جلد بازیابی یقینی بنانے کی استدعا کی گئی ۔اہلیہ فرخ حبیب نے کہاکہ فرخ حبیب کی بازیابی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں حبسِ بے جا کی درخواست دائر کی گئی جس پر تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، عدالتی حکم کے باوجود حکام فرخ حبیب کے آئینی حقوق کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے انہیں کسی بھی عدالت میں پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔اہلیہ فرخ حبیب نے کہاکہ خدشہ ہے کہ میرے شوہر کو اپنی سیاسی وابستگی تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کیلئے شدید تشدد اور ٹارچر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیاسی رہنماؤں کے اغوا اور جبری گمشدیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک ہیں جن میں اعلیٰ عدلیہ کی مداخلت ناگزیر ہے۔ خط میں کہاگیاکہ محترم چیف جسٹس سے ہمارے خاندان کے بنیادی حقوق کے محافظ کے طور پراس معاملے کا فوری نوٹس لینے اور فرخ حبیب کی بازیابی یقینی بنانے کی استدعا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب گذشتہ کئی دنوں سے لاپتہ تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں