لاہور( آئی این پی )نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺکا جشن ولادت آج بروز ( جمعہ) بمطابق 12ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا ،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس دن کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں ملک بھر کے گلی ،محلوں او ر بازاروں کو خوبصورت روشنیوں ،برقی قمقموں اورسبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے ۔
عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں ،قصبوں میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی جبکہ سیرت النبیﷺ کانفرنسزاور ، سیمینارز کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں نبی کریم حضرت محمد ﷺکی سیرت اور اسلام کی سر بلند ی کیلئے کی جانے والی عظیم کوششوںکو موضوع بنایا جائے گا ۔عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے جس میں شرکاء سارے راستے درود پاک پڑھیں گے ۔جشن عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں عید میلادالنبیﷺ کی تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں1281 محافل اور 2510 جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے 46 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات ہوں گے ، لاہور میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر 267 جلوس، 250 محافل میلاد منعقد ہوں گی ، وبائی دارالحکومت میں 10 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور والنٹیرز سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے، محافل، جلوسوں اور ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے روایتی و جدید پولیسنگ کے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔آئی جی پنجاب عثمان انور نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے محافل اور ریلیوں کی مانیٹرنگ کی جائے، سنٹرل پولیس آفس اور حساس اضلاع میں تقریبات کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول رومز 24 گھنٹے فعال رہیں گے، اے، بی اور سی کیٹیگریز کے جلوسوں اور محافل کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر قائم امن کمیٹیوں علما کرام، کمیونٹی لیڈرز کی مشاورت سے بہتر کوارڈینیشن کی جائے۔ تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز جشن عید میلادالنبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں