نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی روضہ رسولؐ پر حاضری، نوافل ادا کئے، دعائیں مانگیں

مدینہ منورہ (پی این آئی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ مسجد نبویؐ گئے جہاں انہوں نے روضہ رسولؐ پر حاضری دی، ریاض الجنہ میں نوافل ادا کئے اور دعائیں مانگیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم نے مسجد نبویؐ سے ملحقہ عالمی میلے اور سیرت نبویؐ اور اسلامی تہذیب سے متعلقہ عجائب گھر کا دورہ کیا۔ میوزیم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سیکرٹری ڈاکٹر ناصر مسفیر الزہرانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم کو دورہ کے موقع پر تاریخی عجائب گھرکے باریمیں جامع بریفنگ دی گئی جس میں نبی آخرالزمانؐ کی زندگی اورتعلیمات کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے میوزیم کو سراہتے ہوئے اسلامی ورثے کے تحفظ اوراسے نمایاں کرنے کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ ڈاکٹر ناصرمسفیر الزہرانی نے وزیراعظم کوشیلڈ اور کتابیں پیش کیں جو پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان اسلامی ورثے اور باہمی افہام وتفہیم کے فروغ کے رشتے کی علامت ہے۔

مدینہ منورہ میں عالمی میلہ اور میوزیم پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کی زندگی اوراسلامی تہذیب نمایاں کرنے کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ میوزیم نمائشوں اور ملٹی میڈیا پریزینٹیشنز کے ساتھ ایک عمیق تجربہ پیش کرتا ہے اور پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ سے متعلق تاریخ، اہم واقعات اور تعلیمات پر روشنی ڈالتا ہے، اس میوزیم میں مختلف شعبوں میں اسلامی تہذیب کی کامیابیوں کو بھی دکھایا گیا ہے، میوزیم بین المذاہب مقالمے،افہام و تفہیم کو فروغ اورمتنوع عقائد اور تقاضوں کے احترام کے فروغ کا مرکز ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close