راولپنڈی(انٹرنیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے عوام، فوج کے درمیان رشتے پر وار کی کوشش کو تحمل اور سمجھداری سے ناکام بنایا،دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں، مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لئے ناگزیر ہے، باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
یوم دفاع پر بیان میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ یومِ دفاع و شہدا ہماری قومی و عسکری تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، یہ دن ہمیں اپنی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ 65ء کی جنگ میں قومی اتحاد و یکجہتی کا عظیم جذبہ دیکھنے میں آیا،مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کو جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنایا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اپنے نظم و ضبط، اعلی پیشہ ورانہ معیار کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے، ایمان، تقوی اور جہاد فی سبیل اللہ ہمارا طرہ امتیاز ہے،پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر دم تیار ہے، دفاع وطن کو اپنی جان سے مقدم رکھنا پاک فوج کے ہر افسر اور جوان کا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں، غازیوں کے کارنامے ہمارے لئے قابل تقلید مثالیں ہیں، شہدا کے خون سے آزادی کے چراغ روشن ہوتے ہیں، شہدا کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے، پاک فوج اور عوام کے مابین اعتماد و یگانگت ہماراقیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں بعض عناصر نے عوام اور فوج کے رشتے پر وار کی مذموم کوشش کی، افواج پاکستان نے بحیثیت قومی ادارہ نہایت تحمل اور سمجھ داری سے اسے ناکام بنایا۔ انہوں نے کہاکہ مسلح افواج نے جس جانفشانی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، اس کی مثال نہیں، پاک فوج عوام کی خواہشات اور امنگوں کا محور ہے، مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ناگزیر ہے، باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں