تاجروں اور صنعتکاروں کی نمائندہ تنظیم نے آرمی چیف کے اصلاحاتی اقدامات کی حمایت کا اعلان کر دیا

کراچی(آئی این پی)صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ بھر پور طریقے سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے اصلاحاتی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔عرفان اقبال شیخ نے فارن ڈائریکٹ انوسیمنٹ کی شکل میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلیے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے اقدامات کو ایپکس باڈی کے پلیٹ فارم سے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے اسپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے قیام، ڈالر میں قیاس آرائی پر مبنی ٹریڈنگ کے خلاف کریک ڈان، پیٹرولیم مصنوعات اور چینی کی اسمگلنگ کے خاتمے کیلیے سخت اقدامات، ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور سرمایہ کاروں کو حکومت میں تبدیلی کے باوجود معاشی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھنے جیسی اصلاحات کی حمایت کی تاکہ ملک میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بہتر بنایا جا سکے۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ آرمی چیف کے ساتھ کاروباری برادری کی ملاقاتیں گزشتہ چند سالوں میں معیشت کی غیر یقینی صورتحال اور شدید اتار چڑھا کے بعد کسی تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہیں، کراچی اور لاہور میں ان کے ساتھ تفصیلی ملاقاتوں کے بعد ہمیں حوصلہ ملا ہے اور امید بندھی ہے کہ ہم وسیع تر قومی مفاد میں معاشی بحالی اور استحکام کیلیے اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ پاکستان کے دوست ممالک کی بڑی اور مضبوط معیشتوں کے پیشِ نظر ایک سال سے کم مدت میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور ایک سے تین سال کی مختصر مدت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانا عین ممکن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب گزشتہ کئی دہائیوں سے تمام مالی اور اقتصادی بحرانوں میں پاکستان کا سب سے بڑا سہارا رہا ہے اور ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کے حقیقی دوست ہیں جبکہ وہ خود کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر بھی کہتے ہیں۔عرفان اقبال شیخ نے تجویز پیش کی کہ ایس آئی ایف سی کو اپنی تمام ٹاسک فورسز اور شعبہ جاتی کمیٹیوں میں ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں کو ایس آئی ایف سی کے تحت پانچ فوکس ایریاز یعنی زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انرجی اور دفاعی پیداوار میں شامل کرنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close