48 گھنٹے میں بجلی بلوں پر ریلیف کا اعلان کریں گے، نگران وزیراعظم نے وعدہ کر لیا

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ 48 گھنٹے میں بجلی بلوں پر ریلیف دینے کا اعلان کریں گے۔نگران وزیراعظم نے اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بجلی کے بلوں کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے، الیکشن تاریخ پرسپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی احترام کریں گے، دہشت گردی، حساس معاملات کو مدنظر رکھ کر نادرا قوانین میں ترمیم کی گئی ہیں۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نادرا کا چیئرمین فوجی لگانے کی وجہ بھی یہی حساس معاملات ہیں، نادرا چیئرمین کے فرائض کے لئے سپیشلائزڈ پروفیشنل کی ضرورت تھی۔نگران وزیراعظم نے مزید کہا پاکستان میں کوئی بحران نہیں، حالات مشکل ہیں پرجلد سرخرو ہوں گے، سوچی سمجھی پلاننگ کے تحت بے یقینی اورمایوسی پھیلائی جارہی ہے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بجلی کے بلز کا معاملہ آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر دیکھ رہے ہیں، بل تو دینا ہوگا، جومعاہدے ہوئے وہ ہرصورت پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو بجلی کے بلز کے معاملے میں تجاویز دی ہیں خود کچھ نہیں کہوں گا کیا کررہے ہیں، مہنگائی اتنا بڑا مسئلہ نہیں کہ پہیہ جام ہڑتال کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم جھوٹے وعدے کریں گے اور نہ اپنی ذمہ داریوں سے ہٹیں گے، میں نے اپنے وزرا کو کرنے والے کاموں کا ٹارگٹ دے دیا ہے، جو کام نہیں کرسکتے ان کا بتائیں گے کہ وہ کیوں نہیں کرسکتے۔ علاوہ ازیں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پروفیشنل کابینہ بنائی، آئین نے تو ٹیکنوکریٹس کی سینیٹ میں جگہ بنائی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں