بنوں (پی این آئی) بنوں میں خود کش حملہ، 9 فوجی جوان شہید، جانی خیل کے علاقے میں ہوئے حملے کے نتیجے میں 5 فوجی جوان بھی زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کے علاقے جانی خیل میں موٹرسائیکل پر سوار خود کش حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں نائب صوبیدار صنوبر علی سمیت 9 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ پانچ زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ خودکش دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کیلیے آپریشن شروع کردیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دہشت گردی کےاس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکٹر نے کہا ہے کہ بنوں میں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں 9 بہادر سپاہیوں کی شہادت سے دل ٹوٹ گیا، واقعہ میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے،ایسی حرکتیں سراسر قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میری ہمدردیاں شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، پاکستان ایسی دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے، بنوں میں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں 9 جوانوں کی شہادت سے دل غمزدہ ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں