بجلی محکمے کے افسران، ارکان پارلیمنٹ،ججوں کو مفت بجلی بند کی جائے، سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی

اسلام آباد (انٹرنیوز) بجلی کے زائدبلوں اور مفت یونٹس کی فراہمی کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق شہری سعیدہ بیگم نے سپریم کورٹ میں بجلی کے زائد بلوں اور مخصوص طبقے کو مفت یونٹس کی فراہمی بارے درخواست دائر کی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تمام محکموں کے افسران کو بجلی کے مفت یونٹس کی فراہمی فوری روکنے کا حکم دیا جائے، عدلیہ،اراکین پارلیمان کو مفت بجلی،پٹرول کی سہولت کالعدم قرار دی جائے،بجلی بلوں پر عائد ٹیکس کالعدم قرار دے کر آئی پی پیز سے ریکوری کی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق حکومت نے آئی پی پی بورڈز کو بجلی پر ٹیکس سے استثنیٰ دیا، بجلی محکمہ میں کام کرنے والے بھی تنخواہ لیتے ہیں، عوام کی سہولت کے لئے بجلی کے بنائے گئے سلیب بحال کئے جائیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین تمام شہریوں کو یکساں سہولیات کی فراہمی یقینی بناتا ہے، درخواست گزار کو بجلی کا 54ہزار سے زائد کا بل آیاہے، تمام وسائل کے باوجود درخواست گزار بجلی کا بل ادا کرنے سے قاصر ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close