آفیشل سیکریٹ ایکٹ، آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے قانون بننے کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (پی این آئی ) آفیشل سیکریٹ ایکٹ، آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے قانون بننے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ گزٹ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ صدرکی جانب سے بل کی توثیق ہوگئی ہے، گزٹ نوٹیفکیشن پر 18 اگست کی تاریخ درج ہے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کی تردید کی تھی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر جاری بیان میں صدر علوی کا کہنا تھا کہ اللّٰہ گواہ ہے، میں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط نہیں کیے۔ صدر کے مطابق میں ان بلز سے اتفاق نہیں کرتا، میں نے اپنے عملے کو کہا کہ بل کو بغیر دستخط کے واپس بھیجیں، میں نے عملے سے کافی بار تصدیق کی کہ بلز بغیر دستخط کے واپس بھیج دیے گئے ہیں۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف نے صدرِمملکت کی ٹویٹ کی روشنی میں عدالتِ عظمیٰ سے فوری رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے مسوّدوں پر صدرِمملکت کے دستخطوں کے معاملے میں پاکستان تحریک انصاف نے صدرِمملکت کی چشم کُشا ٹویٹ کی روشنی میں عدالتِ عظمیٰ سے فوری رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ آئین و قانون، شہریوں کے بنیادی حقوق اور جمہوریتِ و پارلیمان کی بقا و سلامتی کیلئے خوف و خدشات سے اوپر اٹھ کر مؤقف اختیار کرنے پر صدرِمملکت سے اظہارِتشکّر کرتے ہیں، قومی و عدالتی سطح پر صدرِمملکت کے مؤقف کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close