اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے دل میں ایک ہی بات ہے کہ غریب ملک کا خیال رکھنا ہے، میرے دل میں کئی ایسے راز ہیں جو قبر میں ساتھ لے کر جاؤں گا۔بھارہ کہو بائی پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارہ کہو بائی پاس اسلام آباد کا بہترین منصوبہ ہے۔ خوشی ہے کہ بائی پاس سے لوگوں کے مسائل میں کمی ہوگی۔ بھارہ کہو میں ٹریفک کے مسائل تھے، بائی پاس لوگوں کیلئے آسانی کا ذریعہ ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارہ کہو بائی پاس سے 5 منٹ میں پہاڑوں کی طرف جایا جاسکے گا۔ اسلام آباد سے مری، آزاد کشمیر، گلیات اور ہزارہ کا سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہوتا تھا۔ بھارہ کہو بائی پاس سے سیاحوں کیلئے سہولت کے ساتھ ساتھ ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خود راستے پر سفر کیا، گھنٹہ گھنٹہ ٹریفک میں پھنسے رہتے تھے، آج قلبی سکون ہے کہ لوگوں کو گزرگاہ سے سفر میں آسانی ہوگی۔ بھارہ کہو بائی پاس منصوبہ پہلے سی ڈی اے اور پھر این ایل سی کے حوالے کیا۔ اس منصوبے کیلئے پہلا چیلنج زمین کا حصول تھا۔
وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی سپورٹ نہ ہوتی تو یہ کام مکمل نہ ہوتا۔ بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کی تکمیل میں آرمی چیف کا اہم کردار ہے۔ گزشتہ روز آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سیاست دان اور ادارے مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ مشکلات مزید بھی آئیں گی مگر ہم نے مل کر اتحاد سے قابو پانا ہوگا۔ عظیم مقصد کیلئے نیت، دانشمندی اور صبر کے ساتھ مشکل کا سامنا کرنا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں