انتخابات میں عوام جس کو لائیں گے ، تسلیم کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (پی این آئی) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام ہمارے لیے لڈو یا پیڑے نہیں بلکہ چیلنج ہے۔ لاہور میں یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کیں ، روپے کی قدر میں استحکام کا ریلیف عوام کو دیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگلے انتخابات میں جس کو بھی عوام آگے لائیں گے ہم تسلیم کریں گے، ہمیں موقع ملا تو ملک کو خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر وقت قوم کو دھوکا دینے اور الزامات لگانے سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں سکتی۔ ایک شخص کو دھوکے اور فراڈ سے اقتدار میں بٹھایا گیا، انہوں نے چار سال تک چور ڈاکو کے نعرے لگائے ، چیئرمین پی ٹی آئی کیوں چاہتا تھا کہ شہباز شریف 10 سال جیل میں رہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہٹلر اور چیئرمین پی ٹی آئی میں کیا فرق ہے ؟ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک اینٹ بھی نہیں لگائی اور ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں 99 فیصد قرضے بینکوں کو واپس ہوئے ، ملک کی قسمت کے لیے یکسو ہو جائیں تو کوئی راستہ نہیں روک سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close