اسلام آباد(پی این آئی)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سوئیڈن میں قرآن مجید کی توہین کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سویڈن واقعے کے خلاف مذمتی قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کرتا ہے، سویڈش حکومت واقعے میں ملوث شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرے اور یقین دہانی کرائی جائے کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہیں ہوں گے۔مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلاموفوبیا پر مبنی واقعات دوسرے مذاہب کے خلاف واقعات کی طرح ڈیل کیے جائیں، ایوان مقدس شعائر، کتابوں اور شخصیات کی توہین کی مذمت کرتا ہے۔قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایوان اسلامو فوبیا کے خلاف کام کرنے کے لیے مؤثر پالیسی بنائے جانے کی حمایت کرتا ہے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا جس کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 25 جولائی کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں