لاہور(پی این آئی ) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے سابق وزیراعظم عمران خان،میاں اسلم اقبال، حماد اظہر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔تفصیلات کے مطابق عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 10 سے زائد رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، مراد سعید، جمیشید اقبال چیمہ، مسرت چیمہ، مراد راس اور حسان خان نیازی کے وارنٹ جاری کیے۔عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ نصیرآباد اور ماڈل ٹاؤن پولیس نے مقدمات درج کررکھے ہیں۔ خیال رہے کہ 04 اپریل کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے 13 اپریل کو تفتیشی رپورٹ طلب کی تھی۔پیشی سے قبل عمران خان کی جانب سے ایک دن کیلئے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے جج عبہر گل خان نے مسترد کرتے ہوئے پیش ہونے کی ہدایت کی، عدالت نے قرار دیا کہ پیش ہوئے بغیر ریلیف نہیں مل سکتا ہے، عدالت پیشی کے موقع پر عمران خان کیس کی جے آئی ٹی کے سربراہ عمران کشور کے سامنے بھی پیش ہوئے، جے آئی ٹی نے عمران خان کو سوالنامہ دیا۔ان کے وکلا کا کہنا تھا کہ اس کا جواب جلد جمع کروایا جائے گا، عدالت نے حماد اظہر اور فواد چوہدری کی بھی عبوری ضمانت کی درخواستیں مسترد کی تھیں۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ عمران خان شامل تفتیش ہوگئے۔ عدالت نے میاں محمودالرشید اور اعجاز چودھری کی عبوری ضمانت میں 13 اپریل تک توسیع اور مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر چمشید چیمہ کی ضمانت کی درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں