اسلام آباد (پی این آئی) وزیر خزانہ کا پٹرولیم مصنوعات سستی نہ کرنے کا اعلان۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس میں جون کے بقیہ 15 ایام کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اعلان کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا ہونے کی وجہ سے 30 جون تک پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔اس سے قبل اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری حکومت کو بھجوا دی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اوگرا کی سفارشات پر وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مشاورت کریں گے۔ پٹرول کی قیمت میں 5 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز پیش کی گئی۔ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی۔ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقراربھی رکھی جا سکتی ہیں۔مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت زیادہ سے زیادہ 76.95 ڈالر فی بیرل تک رہی۔گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب جب کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی قیمت ایک مرتبہ پھر 70 ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئی، جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہوئی۔عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل مزید سستا ہو کر 73.84 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔
جبکہ امریکی خام تیل 68.12 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد عالمی مارکیٹ میں ایک سال قبل تیل کی فی بیرل قیمت 130 ڈالرز کی سطح کو بھی چھو گئی تھی، جو اب کم ہو کر 70 ڈالرز کی سطح سے نیچے آ چکی۔ تاہم پاکستان سمیت کئی ممالک کی کرنسی کی قدر گزشتہ ایک سال میں کم ہوئی، اسی باعث ان ممالک کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا کوئی خاص فائدہ نہ ہو سکا۔تاہم اب پاکستان کی حکومت کی جانب سے دعوٰی کیا جا رہا ہے کہ روس سے سستے تیل کی خریداری کے بعد پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہو جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں