لاہور (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف اور اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نے تصدیق شدہ رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کردی جس میں انہیں بے گناہ قرار دے دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی نیب نے سربراہ قومی احتساب بیورو کی تصدیق شدہ رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔
احتساب عدالت نے نیب سپلیمنٹری رپورٹ کی چیئرمین قومی احتساب بیورو سے تصدیق کا حکم دیا تھا۔نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ٹھوس شواہد نہیں ملے، نیب سپلیمنٹری رپورٹ میں شہباز شریف سمیت دیگر کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔عدالت نے شریک ملزمان ہارون یوسف، سید طاہر نقوی اور سلمان شہباز کو طلب کرنے یا نہ کرنے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، تینوں ملزمان تفتیشی رپورٹ میں بے گناہ قرار پانے پر ضمانت کی درخواست واپس لے چکے ہیں۔
دوران سماعت وکیل امجد پرویز کا کہنا ہے کہ نیب سپلیمنٹری رپورٹ میں ملزمان کیخلاف کرپشن کے شواہد نہیں ملے، شواہد ناکافی ہوئے تو ان ملزمان کو بری کر دیا جائے گا۔بعدازاں احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 22 جون تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر کے وکیل امجد پرویز کے منی لانڈرنگ کیس میں دلائل مکمل ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں