لاہور( آئی این پی )وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کو9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں پرقانونی گرفت کے لئے اب تک کے اقدامات، گرفتاریوں اور قانونی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں معاشی،سیاسی اور قانونی معاملات کا بھی جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں اجلاس میں نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی، وفاقی وزرا ء اعظم نذیر تارڑ، مصدق ملک،معاون خصوصی عطا تارڑ ،خواجہ سلیمان رفیق سمیت دیگر شریک ہوئے ۔
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے وزیراعظم شہبازشریف کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کی قانونی گرفت کے لئے اب تک کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔محسن نقوی نے وزیر اعظم کو جناح ہائوس پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاریوں اور قانونی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جناح ہائوس پر حملہ کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیاجائے گا۔ یہ یقینی بنایا جائے کہ کسی بے گناہ سے زیادتی نہ ہو جبکہ گھنائونے فعل کا ارتکاب کرنے والا ایک بھی مجرم سزا سے بچنا نہیں چاہیے ۔اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے لیگل ٹیم سے سپریم کورٹ میں جاری مقدمات بارے بھی مشاورت کی ،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کو سپریم کورٹ میں جاری مقدمات بارے میں بریفنگ دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں