اسلام آباد(پی این آئی)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس تنخواہ وصول کرنے میں پاکستان میں پہلے نمبر پر ہیں۔یہ انکشاف پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس (پی اے سی) کے اجلاس میں ہوا ہے۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق چیئرمین پی اے سی نور عالم خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صدر، وزیراعظم اور ججوں کی گراس سیلری کی تفصیلات پیش کی گئیں۔اس موقع پر انکشاف ہوا کہ چیف جسٹس کی تنخواہ وزیراعظم اور وفاقی وزرا سے بھی زیادہ ہے۔چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے تفصیلات پڑھتے ہوئے بتایا کہ صدر مملکت کی
تنخواہ 8 لاکھ 96 ہزار 550 روپے ہے، وزیراعظم کی تنخواہ 2 لاکھ 1 ہزار 574 روپے ہے، وفاقی وزیرکی تنخواہ 3 لاکھ 38 ہزار125 روپے ہے، ممبرقومی اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 88 ہزار روپے ہے جب کہ چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ 15 لاکھ 27 ہزار 399 روپے ہے۔چیئرمین پی اے سی نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ 14 لاکھ 70 ہزار 711 روپے ہے، گریڈ22 کے وفاقی افسر کی تنخواہ 5 لاکھ 91 ہزار 475 روپے ہے۔نور عالم خان نے بتایا کہ ان تمام عہدیداروں کی مراعات اس کے علاوہ ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں