گجرات میں چوہدری پرویز الہٰی، وجاہت حسین کے گھروں پر دیواریں پھلانگ کر پولیس کے چھاپے، ویڈیو جاری

گجرات (پی این آئی) لاہور کے بعد گجرات میں بھی پنجاب پولیس نے پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی اور ان کے کزن چوہدری وجاہت حسین کے گھر نت ہاؤس پر بھی چھاپہ مارا ہے اور ملازمین کی طرف سے گھر کے دروازے کھولے جانے کے باوجود پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر گھر کے اندر داخل ہوئے اور تمام کمروں کی تلاشی لی۔۔۔۔ کنجاہ ہاؤس میں پولیس اہلکار ملازمین سے چوہدری پرویز الہٰی کا پوچھتے رہے۔۔۔۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے کنجاہ ہاؤس سے حراست میں لیے گئے 3 ملازمین کو پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا ہے۔۔۔۔گجرات میں پولیس نے چوہدری وجاہت حسین کی رہائش گاہ نت ہاؤس پر بھی چھاپے کے دوران کمروں کی تلاشی لی ہے۔۔۔۔ سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پولیس نے کنجاہ ہاؤس پر چھاپہ مارا، پولیس کے پاس سرچ وارنٹ بھی نہیں ہے۔۔۔۔۔ ٹوئٹ میں ویڈیو جاری کرتے ہوئے لکھا کہ پولیس کی نفری چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ کے باہر موجود ہے۔۔۔۔اس حوالے سے پرویز الہٰی کے ترجمان اقبال چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے کنجا اور نت ہاؤس پر چھاپا مارا ہے ۔۔۔۔

چوہدری اقبال نے کہا کہ ملازمین نے گھر کے دروازے کھولے پھر بھی پولیس اہلکار گھروں کی دیواریں پھلانگ کر داخل ہوئے اور تمام کمروں کی تلاشی لی ہے۔۔۔۔۔انہوں نے کہا کہ پولیس بغیر وارنٹ گھروں میں داخل ہوئی، پولیس کے چھاپے انتقامی کارروائی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں